پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت


کراچی: پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں شمولیت اختیار کر لی۔

کراچی میں تحریک انصاف کے مرکزی دفتر انصاف ہاؤس میں پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیر حاجی مظفر علی شجرہ بہت نرم دل اور دیانت دار آدمی ہیں۔ آج کا دن ہمارے لیے فخر کا دن ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے حاجی مظفر شجرہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جدوجہد سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔ میں پیپلزپارٹی کراچی کا سابق صدر، رکن صوبائی اسمبلی رہا ہوں اور میں ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کروں گا۔

حاجی مظفر شجرہ نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں عزت کی خاطر آیا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ یہاں عزت ملے گی۔

تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے پیپلزپارٹی کے دوسرے رہنما قادر بخش بلوچ نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں سندھ پیپلزپارٹی کی سربراہی میں مسائلستان کا گڑھ بن گیا ہے جبکہ ملیر کی صورتحال تو کچھ زیادہ ہی خراب صورتحال اختیار کر گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج بھی ملیر کے کئی گوٹھوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کر رکھا ہے اور وہ 10 سالوں میں کوئی اسپتال یا تعلیمی ادارہ بھی نہیں بنا سکی ہے۔


متعلقہ خبریں