’پرواز ہے جنوں‘ کے منفرد ریکارڈز


 

اسلام آباد: بہادری، محبت اور بلند حوصلوں کی کہانی پر مبنی مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی اردو فیچر فلمپرواز ہے جنوں ریلیز ہوتے ہی شائقین کی بھرپور توجہ سمیٹنے میں کامیاب رہی ہے۔

پاکستان سمیت بیرون ملک مقیم شائقین نے بھی منفرد موضوع پر بنائی گئی فلم کو بے مثال قرار دیا ہے۔

شائقین کی جانب سے بھرپور پزیرائی حاصل کرنے والی ایکشن اور تھرل سے بھرپور اور مقصد کے حصول کے لیے سچی  لگن پرمبنی  فلم ’پرواز ہے جنوں‘ کی نمائش کامیابی سے جاری ہے۔

پاک فضائیہ کے پائلٹس کی تربیت  کے سخت مراحل سے پیشہ ورانہ امور تک کی عکاسی کرتی فلم نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ دیے ہیں۔

فلم پرواز ہے جنوں میں عوام کی دلچسپی کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ریلیز کے پہلے ہی دن دو کروڑ 13 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

شائقین کی توجہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی نمایاں ہیں تاہم عملی دلچسپی کا اندازہ لگانے کو یہ مثال ہی کافی ہے کہ فلم کی ریلیز کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی آن لائن دس ہزار ٹکٹیں فروخت ہوئیں۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے حمزہ علی عباسی کے مطابق ’پرواز ہے جنوں‘ کی  ہالی وڈ میں بھی تشہیر کی جارہی ہے۔

کینیڈین اور امریکی شہروں ٹورنٹو اور ہوسٹن کے کامیاب پریمئیرز کے بعد اب آج پیر کے روز دبئی میں بھی فلم کا پریمئیرشو منعقد کیا جائے گا۔ اس سے قبل لندن میں بھی ’پرواز ہے جنوں‘ کا پریمیئر منعقد کیا جا چکا ہے۔

پاکستان کی چھوٹی اور بڑی اسکرین کے متعدد ستاروں سے سجی ’پرواز ہے جنوں‘ فرحت اشتیاق کے اسکرپٹ، حسیب احسن کی ہدایتکاری اور مومنہ درید کی پیشکش ہے۔


متعلقہ خبریں