پاکستان میں موسم کے تیور کچھ اچھے نہیں

ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان میں موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے کے ذمہ دار محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں موسم کے تیور کچھ اچھے نہیں، یہی سبب ہے کہ آج پیر کے روز ملک کے بيشتر علاقوں ميں موسم گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مير پورخاص، قلات، ژوب، کوہاٹ ڈويژن اور کشمير ميں بعض مقامات پر تيز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں اور آسمان پر چھائے بادلوں کے سبب اسلام آباد، راولپنڈی اور ہزارہ ڈویژن میں موسم خوشگوار ہے۔ شدید حبس میں کمی اور بادلوں کے سائے نے جڑواں شہروں کے مکینوں کو حدت یا اس کے اثرات سے محفوظ رکھا ہوا ہے۔

وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کے موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی دیکھی جائے تو اہل کوئٹہ زیادہ خوش قسمت لگتے ہیں جو آج خوشگوار موسم سے محظوظ ہو سکیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد ميں کم سے کم 24 اور زياده سے زياده درجہ حرارت 34 سينٹی گريڈ رہنے کی توقع ہے۔

ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور ميں کم سے کم 26 اور زياده سے زياده 36 سينٹی گريڈ جب کہ پاکستان کے سب سے بڑے ساحلی شہر کراچی ميں کم سے کم 26 اور زياده سے زياده30 سينٹی گريڈ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور ميں کم سے کم 26 اور زياده سے زياده 35 سينٹی گريڈ جب کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ميں کم سے کم 18 اور زياده سے زياده32 سينٹی گريڈ رہنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

سکھر سمیت اندرون سندھ میں گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر سمیت بالائی سندھ میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

اندرون سندھ کے مختلف شہروں کے درجہ حرارت کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ، لاڑکانہ کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، جیکب آباد اور دادو کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں