سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر شروع ہوگا


اسلام اباد: پاکستانی پارلیمان کے ایوان بالا کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگا جس کا ایجنڈا  سینیٹ سیکرٹریٹ نے جاری کر دیا ہے۔

سینیٹ سیکٹریٹ نے آج سے شروع ہونے والے اجلاس کا 27 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق سینیٹر رحمان ملک الیکشن 2018 کی شفافیت سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔

ایم کیو ایم کے سینیٹرمیاں عتیق سینیما گھروں میں تمباکو نوشی کی ممانعت کے بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے جب کہ میاں رضا ربانی اسٹیٹ بینک اور کمپنیز آرڈیننس کے حوالے سے ترامیم پیش کریں گے۔

سینیٹر اعظم سواتی اسلام آباد پبلک ہیلتھ بل 2018 ایوان بالا میں پیش کریں گے۔ موجودہ سیشن کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ترمیمی بل 2017 بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق میاں رضا ربانی نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام بے نظیربھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ رکھنے کی قرار داد پیش کریں گے جب کہ جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق معذور افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد سے متعلق قرار داد پیش کریں گے۔

اعظم سواتی چیئرمین ایف بی آر کی پارلیمانی کمیٹی کی منظوری سے پانچ سال کے لئے تقرر کی قرارداد پیش کریں گے جب کہ پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر چوہری تنویر یونیورسٹیوں کے پراسپیکٹس کی فیس دو سو روپے مقرر کرنے کی قرار داد پیش کریں گے۔

سینیٹر میاں عتیق وفاقی تعلیمی اداروں میں ڈرگ مافیا کو کنٹرول کرنے کی تحریک پیش کریں گے جب کہ سینیٹر چوہری تنویر بیوروکریسی کی کارکردگی کو زیر بحث لانے کے لئے تحریک پیش کریں گے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران خارجہ پالیسی، ٹیکسوں میں توازن اوراسلام آباد میں آلودگی سے متعلق تحاریک بھی پیش کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں