سندھ پولیس افسران کیلیے خصوصی حکم جاری


کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے صوبہ بھر کے پولیس افسران کو دفتری اوقات کار کی پابندی کرنے کے لیے خصوصی حکم نامہ جاری کیا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی کی جانب سے صوبے کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس کے مطابق متعدد بار پولیس کے اعلیٰ افسران کے متعلق دفتری اوقات کار میں غیر حاضری کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

خط میں صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ کئی افسران دفتری اوقات کار میں اپنی جگہ سے غائب ہوتے ہیں۔

سندھ پولیس کے سربراہ نے تمام ماتحت افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح نو بجے یونیفارم میں اپنے دفاتر میں موجود رہا کریں۔

آئی جی سندھ نے  افسران کو خبردار کیا ہے کہ محکمانہ ڈیوٹی اور عدالت  میں حاضری کے علاوہ دفتر چھوڑنا قابل قبول نہیں ہوگا ،افسران اپنے علاقے کے عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل حل کریں۔

سندھ پولیس کے سربراہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ  ان احکامات کو  سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں