گستاخانہ خاکے، سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

گستاخانہ خاکوں کے خلاف سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور


اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان نے ہالینڈ میں بنائے جانے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔

مذمتی قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے پیش کی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈچ پارٹی آف فریڈم کے گیرٹ وائلڈرز نے رواں سال کے اواخر میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا ہے جس کے خلاف ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے بھرپور احتجاج کیا جائے۔

قرارداد کا متن ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، مسلمان اپنے پیغمبر کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے،  قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب کسی مذہب کی توہین کرنا نہیں ہے، توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر وزارت مذہبی امور علماء سے رابطے کرے۔

ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں جماعت اسلامی کےمشتاق احمد خان، متحدہ قومی موومنٹ کے بیرسٹر سیف اور پیپلز پارٹی کی شیری رحمان نے بھی اظہار خیال کیا ۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان بھی شریک تھے۔ سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی منظور کی گئی قراردار اقوام متحدہ میں پیش کریں گے اور او آئی سی کے ذریعے اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر او آی سی کو شروع سے حکمت عملی دکھانی چاہیے تھے، یہ مسلمان دنیا کی ناکامی ہے کہ بار بار یہ کام ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں