’پرواز ہے جنوں‘ آن لائن دنیا میں بھی چھا گئی


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنزکی اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنوں‘ ریلیز کے بعد کامیابیوں اور کامرانیوں کے سفر پر رواں دواں ہے اور ایک کے بعد دوسرا اعزاز اپنے نام کرتی جا رہی ہے۔

22 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم پاکستان اور بیرون ممالک میں بھی کامیابیاں سمیٹنے میں کامیاب رہی، سوشل میڈیا پر فلم کو پسند کرنے والے شائقین کے توصیفی تبصرے مسلسل جاری ہیں۔

فلم نے کامیابی کے سفر کا ایک اور سنگ میل اس وقت عبور کیا جب آن لائن دنیا پر حکمرانی کرنے والی مقبول ترین ویب سائٹس پر شائقین نے ’پرواز ہے جنوں‘ کو خوب سراہا اور بہترین ریٹنگ دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس ہوں یا فلموں اور ڈراموں پر نظر رکھنے والی مشہور ویب سائٹس، ان سب پر شائقین کی داد وتحسین اعلی ریٹنگ کے ذریعے سامنے آئی۔

معروف ویب سائٹ “راٹن ٹومیٹوز” کے اعداد و شمار کے مطابق ’پرواز ہے جنوں‘ کو 93 فیصد شائقین نے پسندیدگی کی سند دی۔

سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر فلم کو 5 میں سے 4.8 ریٹنگ ملی جبکہ فلموں اور ڈراموں کے حوالے سے دنیا کی معروف ترین ویب سائیٹ انٹرنیشنل موویز ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) کی ویب سائیٹ پر ’پرواز ہے جنون‘ کو 10 میں سے 9 کی ریٹنگ ملی۔

اسی طرح ’ریویو ڈاٹ پی کے‘ نامی ویب سائٹ نے فلم کو 5 میں سے 5 کی ریٹنگ دے کر کامیاب ترین فلم کا اعزاز دیا اور دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے معروف سرچ انجن گوگل پر فلم کو 93 فیصد لوگوں نے پسند کیا ہے۔

پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی فلم کو ایکشن اور رومانس نے مل کر دوآتشہ بنا دیا ہے جس نے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ پاکستان میں فلمائے گئے گانوں نے بھی سوشل میڈیا پر ریکارڈ توجہ حاصل کی۔ فلم کے کچھ نغموں کو ریلیز کے کچھ دن بعد ہی ایک ملین مداحوں نے دیکھا اور شیئر کیا۔

 


متعلقہ خبریں