جرمن وزیر خارجہ کی ٹرمپ انتظامیہ پر شدید تنقید

جرمن وزیر خارجہ کی ٹرمپ انتظامیہ پر شدید تنقید


برلن: جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا ہے کہ واشنگٹن کی پابندیاں لگانے کی یک طرفہ پالیسی یورپی مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

برلن میں سالانہ سفارتی کانفرنس کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے ترکی، روس اور چین جیسے تجارتی شراکت داروں پر اقتصادی پابندیاں لگانا یورپی ممالک کے لیے نقصان دہ ہے، ایسے امریکی اقدامات سے یورپ جوابی رد عمل دینے پر مجبور ہو رہا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ  کا کہنا تھا  کہ یورپی یونین کو عالمی معاشی نظام میں امریکی غلبے کے خلاف اقدامات کرنے چاہیے، ہیکو ماس  نے یورپی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے یورپی ممالک کو دعوت دی کہ وہ مل کر یورپ کی تجارتی، معاشی اور مالی پالیسیوں میں خود مختاری قائم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

بین الاقوامی ماہرین کی جانب سے جرمن وزیر خارجہ کا یہ بیان موجودہ حالات کے تناظر میں نہایت اہم سمجھا جارہا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اگر یہ جارحانہ پالیسیاں اور من مانیاں جاری رہیں تو جلد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود کو دنیا بھر میں تنہا کر لیں گے۔

ہیکو ماس اگلے ماہ کی 5 اور 6 تاریخ کو ترکی کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات متوقع ہے جبکہ ستمبر کے اواخر میں ترک صدر طیب اردوان نے جرمنی کا دورہ کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں