اوپن مارکیٹ میں ڈالر پھر مہنگا ہو گیا


کراچی: گزشتہ کئی روز سے روپے کی قدر میں استحکام کا سلسلہ منگل کو دوسرے روز بھی رکا رہا جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے اضافے کے ساتھ 124 روپے 50 پیسے پرفروخت ہوا۔

کرنسی ڈیلرزایسوسی ایشن کےمطابق منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے اضافہ ہوا جب کہ پیر سے منگل کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں 90 پیسے کمی آئی ہے۔

کرنسی کے لین دین سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ عید قرباں کی تعطیلات کے بعد مارکیٹ کھلنے پر اضافی خریداری کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی ہو ئی تھی اور ایک ڈالر تقریبا 129 روپے کا ہوگیا تھا لیکن اس کے بعد روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جاتی رہی جس کا سلسلہ عید کی تعطیلات تک جاری رہا۔

گزشتہ برس دسمبر سے اب تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 21 فیصد سے ذیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں برس جنوری میں ڈالر 110 روپے کا تھا لیکن اس کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا اور جولائی 18 کو ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 128 روپے 75 پیسے تک پہینچ گیا۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم یہ اب بھی سابقہ سطح سے خاصی بلند ہے۔


متعلقہ خبریں