خیبرپختونخوا کابینہ کی حلف برداری موخر


پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کے لیے زیر غور مختلف ناموں پر اتفاق رائے نہ ہوسکا جس کے باعث کابینہ کی حلف برداری کی تقریب  کل بدھ تک کے لیے ممکنہ طور پر موخر کر دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کابینہ کی تقریب حلف برداری آج سہ پہر تین بجے گورنر ہاؤس میں منقعد ہونا تھی جو ارکان اسمبلی کے مبینہ اختلافات کے باعث موخر کر دی گئی۔

تقریب ملتوی ہونے کے اسباب کے متعلق کہا گیا ہے کہ اسمبلی کے کچھ ارکان کابینہ میں ملنے والی وزارتوں سے ناخوش دیکھائی دیتے ہیں۔ نسبتا کم اہم وزارت ملنے پر پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے خاموشی اختیار کر لی ہے، عاطف خان کو سینئر وزیر سیاحت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جب کہ تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ کابینہ میں بغیر کسی عہدے کے وزیر اکبر ایوب بھی تحفظات کا شکار نظر آتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلی کے نامزد معاون شاہ محمد بھی ملنے والے عہدے سے نالاں ہیں اور عہدہ قبول نہ کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعلی خیبر پختونخواہ  پرویز خٹک بھی اپنے عزیز دوست جمشیدالدین کو ایک بار پھر وزیر بنانے کی سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں۔

کابینہ کی حلف برداری کی تقریب موخر ہونے کے باعث پی ٹی آئی ارکان میں اہم وزارتوں کے حوالے سے چہ مگوئیاں بھی سامنے آرہی ہیں۔ اہم وزارتیں کس کو ملیں گی کے سوال کی وجہ سے بعض ارکان تحفظات کا شکار بھی نظر آتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ارکان کے عہدوں کے حوالوں سے آنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور تحریک انصاف کے کسی رکن کو کابینہ کے انتخاب پرکوئی اختلاف نہیں۔

ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ  وزیراعلی کی مصروفیات کے باعث حلف برداری کی تقریب کل برروز بدھ تک کے لیے ملتوی کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی زرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی کابینہ مسائل پرآج برروز منگل منتخب وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت بھی کریں گے۔


متعلقہ خبریں