بیرون ملک کوئی جائیداد اور بینک اکاؤنٹ نہیں، زرداری

عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کو زرداری ہاؤس پہنچا دیا گیا

اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے قومی مصالحت آرڈیننس (این آر او) کیس میں بیان حلفی جمع کراتے ہوئے بیرون ملک بینک اکاؤنٹ یا جائیداد ہونے کا انکار کیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں منگل کے روز این آرو کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے ایک صفحے پر مشتمل بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا۔

ذرائع کے مطابق بیان حلفی میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اقرار کیا ہے کہ بیرون ملک ان کی کوئی جائیداد اور بینک اکاؤنٹ نہیں ہے۔

سابق صدر نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں لکھا ہے کہ جو بات کی ہے اس پر قائم ہوں۔

سپریم کورٹ نے این آر او کیس کی سماعت کی کل بدھ تک ملتوی کردی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدورآصف علی زرداری اور جنرل (ر) پرویز مشرف سمیت این آر او کے مختلف فریقین کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔

اس معاملے میں پرویز مشرف بھی جواب جمع کرا چکے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا تھا کہ این آراو کسی بدنیتی سے جاری نہیں کیا گیا بلکہ اس وقت کے سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ  قانون بنایا گیا اور این آراو کا اجرا کرکے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں