گستاخانہ خاکوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

فوٹو: فائل


کراچی: اراکین سندھ اسمبلی نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف ایوان میں پیش کی گئی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔

مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہالینڈ میں جاری گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی وجہ سے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے ایک ارب 80 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے اور ان کے جذبات ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے۔

قرار داد میں گورنر سندھ سے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر وفاقی حکومت سے فوری رابطہ کرنے اور ہالینڈ حکومت پر گستاخانہ خاکوں کی نمائش روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان نے 20 اگست کو ہالینڈ کے قائم مقام سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش پر احتجاج اور اسلام مخالف مہم پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے کو اقوام متحدہ سے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو اس حوالے سے خط لکھا ہے۔


متعلقہ خبریں