آئی ایم ایف کے پاس جانے کا ابھی کوئی پروگرام نہیں، اسد عمر


اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے سے امریکی بیان غیر ضروری تھا، فی الحال ہمارا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم آئی ایم ایف کی طرف جاتے ہیں تو یہ کوئی نئی بات نہیں ہو گی، پاکستان متعدد بار آئی ایم ایف سے رابطہ کر چکا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ہم چین کا قرضہ اتارنے کے لیے آئی ایم ایف سے رابطہ کریں گے کیونکہ چین سے لیے گئے قرضے بہت کم ہیں۔

نیشنل فائنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ  کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سابقہ حکومت میں اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی جس کے باعث مسئلہ دو سال سے تاخیر کا شکار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور کمشن کے اجراء کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔

وزہر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت لائف سپورٹ پر ہے، ہم معاشی صورتحال عوام کے سامنے رکھیں گے اور پارلیمنٹ سے مشورہ کریں گے کہ کیا کیا جائے۔


متعلقہ خبریں