گستاخانہ خاکے: قریشی کا ہالینڈ کے وزیرخارجہ سے رابطہ


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر بات کرنے کے لیے ہالینڈ کے وزیرخارجہ سے رابطہ کیا ہے اور ان پر واضح کیا ہے کہ  اس قسم کے اقدامات سے دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق انہوں نے اپنے ڈچ ہم منصب پر واضح کیا کہ ایسے اقدامات سے نفرت اور عدم برداشت کو تقویت ملے گی۔

اس سے قبل سینیٹ آف پاکستان نے ہالینڈ میں بنائے جانے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد مذمت منظور کی تھی۔

مذمتی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے بھرپور احتجاج کیا جائے، آزادی اظہار رائے کا مطلب کسی مذہب کی توہین کرنا نہیں ہے، توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر وزارت مذہبی امور علماء سے رابطے کرے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سینیٹ سے اپنے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے گی اور او آئی سی کے ممالک سے رابطہ کر کے ایک متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں