یمن جنگ کے تمام فریق جنگی جرائم کے مرتکب، اقوام متحدہ

یمن جنگ کے تمام فریق جنگی جرائم کے مرتکب، اقوام متحدہ


جینیوا: یمن جنگ کے بارے میں اقوام متحدہ  کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں تمام فریقین کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

منگل کے روز جاری ہونے و الی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب اتحاد، یمنی حکومت اور حوثیوں نے شہری ہلاکتیں کم کرنے کے اقدامات نہیں کیے، تمام فریق تشدد، زبردستی لاپتہ کرنے اور بچوں کو مسلح کرنے جیسے جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب اتحاد ممکنہ طور پرجنگی جرائم کا مرتکب ہوا اور اتحاد نے حوثیوں کے ساتھ لڑائی میں انسانی حقوق کی پامالی کی۔

رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد نے شہری ہلاکتیں کم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، ان کے فضائی حملوں میں سب سے زیادہ شہری ہلاکتیں ہوئیں، رپورٹ اگلے ماہ اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل میں پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب شروع سے یمن میں شہری ہلاکتوں کی تردید کرتا رہا ہے۔

2015 سے سعودی عسکری اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس دوران 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 30 لاکھ کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ یمن کے بحران کو دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دے چکی ہے۔


متعلقہ خبریں