بلوچستان کابینہ کے پہلے اجلاس میں اہم فیصلے


کوئٹہ : بلوچستان کابینہ نے صوبائی محکمہ تعلیم اور صحت میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ اجلاس میں ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی جبکہ شہداء کے لیے دُعا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں محکمہ تعلیم کی 10 ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی جبکہ نان ٹیچنگ اسٹاف کو مستقل بنیادوں اور اساتذہ کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ صوبے کی ہر یونین کونسل میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ہائی اسکول ہوں گے جبکہ پیپلزپرائمری ہیلتھ کیئرانیشیٹو( پی پی ایچ آئی) میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ کو کوئٹہ اور گوادر میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔


متعلقہ خبریں