1965 کی جنگ کے ہیرو کی فوجی اعزاز کیساتھ تدفین آج


اٹک/لاہور: 1965 کی جنگ کے ہیرو اور 40 سال تک بھارتی جیلوں میں  قید رہنے والے سپاہی مقبول حسین کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، پاک فوج کا کہنا ہے کہ ان کی تدفین فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ 

وطن کی خاطر زندگی کی چار دہائیاں دشمن کی قید میں گزارنے اور بدترین تشدد سہنے والے سپاہی مقبول حسین کا انتقال منگل کے روز کمبائنڈ ملٹری اسپتال ( سی ایم ایچ ) اٹک میں ہوا جہاں وہ زیر علاج تھے۔

سپاہی مقبول حسین کا جسد خاکی تیار کیا گیا، ان کی میت کو کفن پہنانے کے بعد نعش پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جس کے بعد جسد خاکی آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر پہنچایا گیا۔

اٹک میں نماز جنازہ کے لیے فوجی افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔

مقبول حسین کو 1965 میں بھارتی فوج نے قید کرلیا تھا اور وہ 40 سال تک بھارت کی مختلف جیلوں میں رہے ۔ مقبول حسین کو 2005 میں بھارتی قید سے رہائی ملی۔ کہنہ سالی کے باوجود جوانوں جیسے جذبہ کا مظاہرہ کرنے اور وطن کی خاطر سب کچھ سہنے کے اعتراف میں مقبول حسین کوستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی قید کے دوران مقبول حسین سے راز اگلوانے کے لیے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ناکامی پر ان کی زبان کاٹ دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں