’اپوزیشن کا ایک امیدوار ہو ورنہ فائدہ حکومت کو ہوگا‘

’اپوزیشن کا ایک امیدوار ہو ورنہ فائدہ حکومت کو ہوگا‘ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام اباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ امید ہے پاکستان پیپلز پارٹی اپوزیشن کی اکثریت کا احترام کرے گی اور اپنا صدارتی امیدوار واپس لے گی۔ اپوزیشن کا امیدوار ایک ہونا چاہئے ورنہ اس کا فائدہ حکومت کو ہو گا۔

اپوزیشن کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمن کے کاعزات نامزدگی کی جانج پڑتال کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے لیے ان کی کوششیں جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا اپوزیشن کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ نون نے قربانی دی اور اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا تاکہ پیپلز پارٹی کو کوئی اعتراض نہ ہو۔

تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جوں جوں وقت گزر رہا ہے ایسا لگ رہا ہے انڈر الیون کی ٹیم آ گئی ہے اور حکومت ہر چیزکو گوگل سے حل کر رہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے کاعذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو منظور ہو گئے ہیں۔

انہوں نے صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر تحریک انصاف اورپارٹی قائد عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ حکومتی اتحاد کی دیگر جماعتوں کا حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ووٹ اعتزاز احسن کو ڈالنے کی باتوں پر کچھ نہیں کہنا چاہتا، لیکن ہمارے پاس ووٹ مکمل ہیں۔

پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی صدارتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہمیں کافی ووٹ ملنے کے امکانات ہیں اور تحریک انصاف کے بھائی، دوست ،بہن اور بیٹیاں  بھی مجھے ووٹ دیں گے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ تحریک انصاف کے بہت سارے اراکین اپنی پارٹی کے فیصلوں سے پریشان ہیں۔ مسلم لیگ نون کا مطالبہ ہے کہ میں اڈیالہ جا کر معافی مانگوں لیکن میری  پارٹی کا فیصلہ ہے کہ ن لیگ کا مطالبہ قابل قبول نہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ نون لیگ کا مطالبہ جاگیردارانہ  ہے۔


متعلقہ خبریں