خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

خیبر پختونخوا کابینہ

پشاور: گیارہویں عام انتخابات کے بعد خیبرپختونخوا میں بننے والی تحریک انصاف حکومت کی نومنتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ قائم مقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق غنی نے صوبائی وزراء سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں منعقد ہوئی جس میں منتخب ارکان، حلف اٹھانے والے وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

حلف لینے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور سلیم جھگڑا، محمد اشیاق ارمڑ، قلندر لودھی، شکیل خان، محب اللہ، سلطان خان، ہشام انعام، کامران بنگش اور اکبر ایوب شامل ہیں۔

نئی صوبائی کابینہ میں شکیل خان محکمہ مال، ہشام انعام اللہ محکمہ صحت، کامران بنگش محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈاکٹر امجد علی محکمہ معدنیات، سلطان محمد خان محکمہ قانون اور محب اللہ محکمہ زراعت کے وزیر ہوں گے۔

عاطف خان سینئر وزیر کے علاوہ سیاحت کا محکمہ بھی سنبھالیں گے جب کہ شہرام ترکئی محکمہ  بلدیات، تیمور سلیم جھگڑا وزیر خزانہ، محمد اشیاق ارمڑ محکمہ جنگلات اور قلندرخان لودھی محکمہ خوراک کا قلمدان سنبھالیں گے۔

کابینہ میں شامل عبدالکریم وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صنعت ہوں گے اور ضیاء اللہ بنگش بھی وزیراعلی کے مشیر ہوں گے۔ قبل ازیں حلف برداری کی تقریب منگل 28 اگست کو منعقد ہونا تھی جو ارکان اسمبلی کے مبینہ اختلافات کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں