سپریم کورٹ: عامر لیاقت نے معافی مانگ لی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ عدالت عظمیٰ میں انہوں نے سات صفحات پر مشتمل معافی نامہ جمع کرایا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان  نے نفرت انگیز ٹی وی پروگرام کی پاداش میں عامر لیاقت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میں نے ٹی وی پروگرام میں فادر آف بھارت اور سن آف بھارت کی اصطلاحات کسی پاکستانی کے لئے استعمال نہیں کیں۔

تحریری جواب میں انہوں نے گزارش کی ہے کہ یہ اصطلاحات بھارتی میڈیا کے ان اینکرز کے لئے استعمال کیں جنہوں نے میری کردار کشی کی۔

تحریری معافی نامے میں انہوں نے لکھا ہے کہ میرے پروگرام کے کلپس کو سیاق سباق سے ھٹ کر پیش کیا گیا، ایک نجی ٹی وی کے اینکر نے میرے متعلق ایک ٹیبل اسٹوری کرکے رسوا کرنے کی ہر ممکن کو شش کی۔

عدالت عظمیٰ میں نو منتخب رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر مجھے ذلیل کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گئے تحریری معافی نامے میں عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ نجم سیٹھی کو نہ ہٹانے کے لیے عمران خان کو قائل کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نجم سیٹھی کا ناقد ہوں لیکن ان کی بطور چیئرمین پی سی بی عزت کرتا ہوں۔

عامر لیاقت حسین نے لکھا ہے کہ مخالف چینل نے نجم سیٹھی کے بارے میں ایک نہیں درجنوں باتیں کہیں اور اس حوالے سے وڈیو کلپس عدالت میں پیش کررہا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست سے دوچارکرنے والے عامر لیاقت حسین نے اپنے تحریری جواب میں خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہوئے درخواست کی ہے کہ میری عزت کے ساتھ جو کچھ بعض عناصر کررہے ہیں ان کو بھی متنبہ کیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عظمیٰ میں عامر لیاقت حسین نے ٹی وی پروگراموں کے کلپس بھی علیحدہ سے جمع کرائے ہیں۔


متعلقہ خبریں