ضمنی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ 61 نکات پر مشتمل انتخابی ضابطہ اخلاق سیاسی جماعتوں، امیدواروں، الیکشن ایجنٹ اورپولنگ ایجنٹ سے متعلق اصول و ضوابط پر مشتمل ہے۔ وزرائے اعلی اور وفاقی وصوبائی وزرا کے انتخابی حلقوں کے دورے پرپابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ضابطہ اخلاق  کے مطابق صدرپاکستان، وزیراعظم، گورنرز اور رکن قومی وصوبائی اسمبلی متعلقہ حلقے کے دورے پر نہیں جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ قومی اورصوبائی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکرز اور چئیرمین وڈپٹی چئیرمین سینٹ پر بھی حلقوں کے دورے سے متعلق پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ضابطہ اخلاق میں یہ بھی بتایا گیا کہ بلدیاتی نمائندے کسی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ انتخابی مہم پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے قبل ختم ہو جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سے انتخابی ریلی کی اجازت لینا لازم ہے اور کار ریلی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

اسی طرح افواج پاکستان اور اعلی عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔

اخراجات کے حوالے سے موجود شق کے مطابق کسی بھی أمیدوار کے انتخابی اخراجات مقررہ کردہ حد سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں۔ انتخابی مہم میں اشتہارات کا سائز مقرر کردہ حد سے زیادہ نہ ہو۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرنگ افسر، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد یقینی بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں