مقبول حسین کی نماز جنازہ، آرمی چیف کی شرکت


اٹک: 1965 کی جنگ کے دوران بھارت میں 40 سال قید رہنے والے سپاہی مقبول حسین کی نمازہ جنازہ چکلالہ میں ادا کر دی گئی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں بتایا کہ مقبول حسین کی نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت بڑی تعداد میں افسروں اور سپاہیوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو آج رات ان کے مقامی گاؤں ناریاں، آزاد کشمیر میں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔

مقبول حسین نے اپنے ملک کی خاطر زندگی کی چار دہائیاں دشمن کی قید میں بدترین تشدد سہتے ہوئے گزاریں، 1965 میں انہیں بھارتی فوج نے قید کر لیا تھا جس کے بعد وہ 40 سال تک بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رہے، 17 ستمبر 2005 کو انہیں رہا کر دیا گیا۔

کمبائنڈ ملٹری اسپتال ( سی ایم ایچ ) اٹک میں زیر علاج رہنے کے بعد مقبول حسین منگل کو اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ مرحوم کو ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا، پاک فوج کا کہنا ہے کہ ان کی تدفین فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں