میڈیا کی آزادی کا تحفظ کریں گے، مریم اورنگزیب

فائل فوٹو


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  پیمرا کی تشکیل نو کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ آئینی و قانونی طریقہ کار کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے، میڈیا کی آزادی کا تحفظ کریں گے، اسے سلب کرنے کے لئے کوئی کالا قانون نہیں لانے دیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ  فواد چوہدری وزیر اطلاعات بنیں، تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ کا مئی 2018 میں افتتاح ہو چکا ہے۔ دوسروں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی لگانے کے بجائے نئے منصوبے سامنے لائیں۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر گوگل پر تلاش کرنے پڑیں گے، صرف  شریف خاندان کے خلاف سیاست سے عوام کو یہ سب کچھ نہیں مل سکتا۔

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سینٹ کے معزز ایوان اور کنٹینر کے فرق کو سمجھیں، مریم نواز کے بارے میں ان کا بیان ایسے ہی ہے جیسے وہ  55 روپے میں بنی گالا سے وزیراعظم آفس آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس روز میں ریاستی اور حکومتی امور کے ساتھ ہونے والے مسخرہ پن  اور جگ ہنسائی  پر عوام حیران و پریشان ہیں۔


متعلقہ خبریں