صبح کا ناشتہ چھوٹ جائے تو کیا کریں؟

صبح ناشتہ ترک ہوجائے تو کیا کریں؟


صبح آفس جانے والے حضرات یا طلبا وقت کی کمی کی وجہ سے اکثر ناشتہ نہیں کر پاتے ہیں جس کے صحت پر کافی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اگر ہفتے میں ایک آدھ دن ایسا ہوجائے تو الگ بات ہے لیکن روزانہ ناشتہ نہ کرنے والے افراد خطرناک جسمانی و دماغی بیماریوں کو دعوت دیتے ہیں۔

اگر بحالت مجبوری آپ ناشتہ نہیں کر پاتے تو ہم اس کا بہترین نعم البدل بتا دیتے ہیں، لیکن  اسے عادت نہ بنائیں اور کوشش کریں کہ صبح کے وقت کچھ نا کچھ ضرور کھا لیں۔

جو حضرات صبح ناشتہ نہیں کرپاتے ہیں انہیں چاہیے کہ بادام کا استعمال کریں، گھر سے نکلتے ہوئے چند گری بادام جیب میں ڈال لیں اور راستے میں کھاتے جائیں، امریکی ماہرین کہتے ہیں کہ یہ صحت کے لیے مفید ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی میں حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق بادام میں بھرپورغذائیت پائی جاتی ہے، اس میں چکنائی، پروٹین، وٹامن ای اور میگنیشئیم وافر مقدار میں موجود ہے جو جسم کو کمزور نہیں ہونے دیتے۔

بادام کھانے سے بھوک مٹ جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کنٹرول رہتا ہے اور ساتھ ہی وزن میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

یونیورسٹی میں کی گئی اس تحقیق میں نوجوان طلبا کے دو گروپ بنائے گئے، ایک گروپ میں 30 اور دوسرے میں 35 طلبا کو رکھا گیا۔

پہلے گروپ کو 8 ہفتوں تک روزانہ ناشتے میں صرف  56 گرام بادام دیے گئے جن سے 320 کیلوریز ملتی ہیں جبکہ دوسرے گروپ کو اسنیک کھانے کا کہا گیا جو 338 کیلوریز کے برابر ہوں۔

آٹھ ہفتے ان طلبا کو قریب سے مانیٹر کیا گیا اور آخرکار یہ بات سامنے آئی کہ اسنیکس کھانے والے طلباء کے مقابلے میں بادام کھانے والے طلباء میں ذیابیطس اور بلڈ پریشر متوازن رہا۔


متعلقہ خبریں