لاہور بجلی کے نئے بحران کا نشانہ بن گیا


لاہور: پنجاب کا دارالحکومت لاہور ایک بار پھر بجلی بحران کا نشانہ بن گیا جس نے حبس بھرے موسم میں مکینوں کی مشکلات بڑھا دیں۔ متاثرین کے مسئلہ کا مداوا کرنے کے بجائے لیسکو اوراین ٹی ڈی سی ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف رہے۔

ہم نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ شب ایک بار پھر بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوا جس سے شہر کا 40 فیصد حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق لیسکو کا سسٹم اوور لوڈ ہونے سے بیٹھ گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کے 12 گرڈ اسٹیشنوں  سے بجلی کی فراہمی ساری رات معطل رہی۔

لاہور میں بجلی کے حالیہ بحران کا نشانہ بننے والے علاقوں میں موہنی روڈ، کریم پارک، فیصل ٹاؤن، بادامی باغ، سمن آباد، غازی آباد اور سبزہ زار شامل تھے۔ بیدیاں روڈ، اقبال ٹاؤن، بلال کالونی اور فتح گڑھ ان علاقوں میں شامل تھے جو بجلی کی بندش کے ساتھ ساتھ پانی کی عدم دستیابی کا بھی نشانہ بنے رہے۔

گرمی اور حبس سے بے حال شہریوں کی بڑی تعداد نے رات گھروں سے بیٹھ کر گزاری، بچے سو نہ سکے اور سب سے زیادہ تکلیف کا سامنا معصوم بچوں، بزرگوں و بیماروں کو کرنا پڑا۔

بجلی کی بندش کے سبب دفاتر، اسکول، کالج اور یونیورسٹی سمیت دیگر امور کی انجام دہی کے لیے جانے والے افراد کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق چھ گھنٹے کی طویل بندش کے بعد صبح سے متاثرہ علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحال ہونا شروع ہوئی ہے لیکن اب بھی متعدد علاقے بجلی سے محرو م ہیں۔

لیسکو ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی کی 500 کے وی کی لائن پر کام مکمل ہوگیا ہے اور لسیکو کے تمام گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی شروع ہو چکی ہے۔

ترجمان لیسکو نے صارفین سے اپیل ہے کہ بجلی سے متعلق انفرادی شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے اپنی متعلقہ سب ڈویژن سے رابطہ کریں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایس ایم سروس 8118 اور یا ہیلپ لائن 118 پربھی رابطہ کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں