آبی تنازعات پر پاک بھارت مذاکرات کا دوسرا دور آج

آبی تنازعات پر پاک بھارت مذاکرات کا دوسرا دور آج | urduhumnews.wpengine.com

فائل:فوٹو


لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازع  کو مذاکرات سے حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج لاہور میں ہو گا۔

دو روزہ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی سربراہی سید مہرعلی شاہ اور نو رکنی بھارتی وفد کی قیادت دیپ کمار سکسینا کر رہے ہیں۔

مذاکرات کا پہلا دور بدھ کو نیسپاک ہیڈکوارٹرز میں ہوا تھا جس میں ڈیڈ لاک برقرار رہا۔ پاکستانی حکام نے پکل دل اور لوئر کلنائی پن بجلی گھروں کے ڈیزائن پر اعتراض کے ساتھ اپنے مطالبات بھی بھارتی وفد کے سامنے رکھے۔

پاکستان نے پکل دل آبی ذخیرے کی سطح میں پانچ میٹر کمی، اسپل ویز کے گیٹ سطح سمندر سے 40 میٹر اونچے کرنے اور پانی چھوڑنے کا باقاعدہ طریقہ کار وضع کرنے پر زور دیا ہے۔

پاکستانی حکام نے دوٹوک الفاظ میں مہمان وفد پر واضع کیا کہ بھارت کی طرف سے دریائے چناب پر ڈیمز کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور ہمسایہ ملک کے اس اقدام کا مقصد پاکستان کو خشک سالی سے دوچار کرنا ہے۔

آج ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور دونوں وفود اپنے ممالک کو مذاکرات میں پیش کی جانے والی تجاویز سے بھی آگاہ کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات 1960 میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تحت مختلف دریاؤں کے پانی کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں