وزیر اعظم عمران خان کا جی ایچ کیو کا دورہ


راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز افواج پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو کا دورہ کیا ہے، جہاں انہیں ملکی سلامتی و دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان کا استقبال آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا۔

آرمی چیف نے  وزیر اعظم کو دفاع، داخلی سلامتی اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی۔ جی ایچ کیو کے دورے  میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،  وزیرخزانہ اسد عمر اور وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

گزشتہ پیر کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید نے  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہیں ذمہ داری سنبھالنے پر عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق  پیر کے روز ہونے والی ملاقات میں دونو شخصیات  نے سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ملک میں پائیدار امن اور استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے گیارہویں عام انتخابات کے بعد وزیراعظم منتخب ہونے والے عمران خان سے پاک فوج سربراہ کی یہ پہلی ملاقات ہے۔


متعلقہ خبریں