وزیراعلی سندھ نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مدد مانگ لی

وزیراعلیٰ سندھ نے کیماڑی میں بچوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا، رپورٹس طلب

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) سے مدد مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے عوام کے لیے پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

سندھ کے وزیراعلیٰ نے یہ بات اس وقت کہی جب ایشیائی ترقیاتی بنک کے چھ رکنی وفد نے ڈائریکٹر وارنرلی پچ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں سی ڈبلیو آر ڈی کے سماجی شعبہ کی ڈائریکٹر ری ہاراؤکا، پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر ژی ہونگ یانگ، سینئر پروجیکٹ افسر میاں شوکت شافی، پی آر ایم سینئر پروگرام افسر نصرمن اللہ میاں اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ثناء مسعود شامل تھیں۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت ان کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی (بورڈ)، ایڈیشنل چیف سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز، سیکریٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن عبدالحفیظ عمرانی اور قائم مقام سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وفد سے کہا کہ وہ پانی کے بڑے منصوبوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں بھی اے ڈی بی کا تعاون چاہتے ہیں۔

ترجمان ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ سے منصوبے کی تفصیلات طلب کی ہیں تا کہ کام کو آگے بڑھایا جا سکے۔

ملاقات میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے، بی آر ٹی انفرااسٹرکچر، سندھ روڈ انویسٹمنٹ پراجیکٹ، سندھ ایجوکیشن سیکٹر پراجیکٹ اور پبلک پرائیویٹ یونٹ (پی پی پی) کی قوت میں اضافے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ اربن ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دے رہا ہوں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے کی ماڈل کالونی سے نمائش تک تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

اے ڈی بی کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبہ پرعملدرآمد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کا ڈیزائن ایڈوانس اسٹیج پر ہے۔

وزیراعلیٰ نے وفد کو آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تشکیل کردہ سندھ روڈ امپروومنٹ منصوبہ 280 کلومیٹر طویل اور صوبے کے چھ اضلاع میں مکمل ہونے کے قریب ہے۔

آئندہ کے منصوبوں کے متعلق انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں ریڈ لائن منصوبے کے فیز تھری پر بھی کام ہوتا کہ مزید اضلاع کی سڑکوں کا حال بہتر کیا جا سکے۔

شعبہ تعلیم میں بہتری کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیکنڈری ایجوکیشن کے منصوبوں کے لیے ہمیں ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ فی الوقت ملک میں ہمارا پی پی پی یونٹ سب سے بہتر کام کررہا ہے لیکن اس کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی پی پی یونٹ کے افسران کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کے لیے بھی اے ڈی بی کا تعاون درکار ہے۔

ڈی جی وارنر لی پچ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کی مدد کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک ہرممکن تعاون کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی حکومت سندھ کے ساتھ ہر طرح سے کام کرنا چاہتا ہے۔

ڈی جی اے ڈی بی وارنرلی پچ نے کہا کہ سندھ روڈ امپروومنٹ منصوبہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ذاتی دلچسپی کے باعث کامیاب رہا ہے۔


متعلقہ خبریں