ایشیا کپ:پاک بھارت میچ کے مزید ٹکٹ فروخت کرنے کا فیصلہ


دبئی: ایشیئن کرکٹ کونسل نے 19 ستمبر کو شیڈول پاک بھارت میچ کے مزید ٹکٹس فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹکٹوں کی قیمتیں پہلے کی طرح 20 سے 720 درہم کے درمیان ہوں گی۔

پاک بھارت میچ کے ٹکٹ چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہونے کے سبب ٹورنامنٹ انتظامیہ نے مزید ٹکٹس فروخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ دلچسپ مقابلہ سے براہ راست لطف اندوز ہو سکیں۔

ایشیا کرکٹ کپ 15 ستمبر سے شروع ہورہا ہے جب کہ پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم  میں ہو گا۔

روایتی حریف اب تک شارجہ اور ابو ظہبی کے میدانوں میں پنجہ آزمائی کرتے آئے ہیں تاہم دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔

بھارت نے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں آخری میچ بھی پاکستان کے خلاف 2006 میں کھیلا تھا۔ مجموعی نتائج کو دیکھا جائے تو اب تک کھیلے گئے میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہونے والے 26 میں سے 19 مقابلوں میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

ایشیا کپ 2018 میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کو رکھا گیا ہے، اس گروپ کی تیسری ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے کیا جائے گا جب کہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کے علاوہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بھی ایشیا کپ کے مقابلوں میں شریک ہو گی۔ ایشیا کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں