چیئرمین پی سی بی کا انتخاب چار ستمبر کو ہو گا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین  کا انتخاب چار ستمبر کو ہو گا جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا انتخاب تین سال کے لیے ہو گا۔

ہم نیوز کے مطابق پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر نے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس چار ستمبر کو پی سی بی کے صدر دفاتر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جہاں الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر، ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ہمراہ کارروائی مکمل کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کے اراکین کی ووٹنگ کا عمل دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔ کرکٹ کے حلقوں میں توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ احسان مانی کے خلاف کوئی امیدوار کاغذات جمع نہیں کرائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین و قانون  کے تحت اگر چیئرمین کی نشست کے لیے ایک سے زائد امیدوار نہ ہوں تو ایسی صورت میں مزید کارروائی جاری رکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی ہے اورنئے چیئرمین کا اعلان کرکے اس کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جاتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے منصب کےلیے احسان مانی کے مدمقابل کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے تو اسی دن ان کی کامیابی کا اعلان کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔ جس کے بعد احسان مانی تین سال کے لئے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کا چارج سنبھال لیں گے۔

نئے چیئرمین پی سی بی کو کئی بڑے چیلنجوں کا سامنا ہو سکتا ہے، ان میں سے ایک اپنی انتظامی ٹیم کی تشکیل بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق کئی سابق کرکٹرز بھی پی سی بی میں آنے کے لیے پرتول رہے ہیں لیکن احسان مانی کی کوشش اورخواہش ہے کہ وہ اپنی انتظامی ٹیم میں زیادہ سے زیادہ پروفیشنل افراد کو شامل کریں۔

پاکستان سپر لیگ کا کامیابی سے انعقاد، انٹرنیشنل کرکٹ کو وطن واپس لانا اور بھارت کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں درج کیس کو کامیابی سے ہمکنار کرنا بھی ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہو گا۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی کی نشست خالی ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں