لاہور کی یوٹیوب گرل کیلیے گولڈ بٹن


لاہور: دنیا بھر میں ویڈیوز کی معروف ویب سائٹ یوٹیوب نے لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی لڑکی آمنہ ریاض کی عمدہ کارکردگی کے پیش نظر انہیں اعزازی گولڈ بٹن سے نوازا ہے۔

پاکستانی باہمت لڑکی کی کھانے پکانے کی ویڈیوز یوٹیوب پر بہت مقبول ہیں، آمنہ ریاض کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ سبسکرائبر ہونے پر سلور بٹن اور دس لاکھ سبسکرائبر پر گولڈن بٹن دیا جاتا ہے جب کہ ایک کروڑ پر ڈائمنڈ اور پانچ کروڑ پر سرخ پلے بٹن دیا جاتا ہے۔

ہونہار پاکستانی لڑکی کا کہنا ہے شوق کے علاوہ کھانا پکانے کی ویڈیوز روزگار کا بھی ایک معقول ذریعہ ہیں۔

’ہم نیوز‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے آمنہ ریاض نے بتایا کہ گھر سے اجازت نہ ملنے کے بعد انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی بلال کے ساتھ مل کر کھانا پکانے کی ویڈیوز بنانا شروع کیں جنہیں لوگوں نے سراہا اور یہ ویڈیوز یوٹیوب پر دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئیں۔

یوٹیوب نے آمنہ کی ویڈیوز پر لاکھوں ویوز آنے کے بعد اسے سلور اور گولڈ بٹن ٹرافی کےانعام سے نوازا ہے۔

سلور اور گولڈن بٹن کی سہولت یوٹیوب پر ایسے چینلز کو فراہم کی جاتی ہے جو ویب سائٹ پالیسی کےمطابق معیاری، خود سے تیار کیا گیا اور پسند کیا جانے والا مواد اپ لوڈ کرتے ہیں۔

یوٹیوب پر آمنہ کا چینل ’’کچن ود آمنہ‘‘ کے نام سے ہے جس کے  14 لاکھ سے زائد سبسکرائبر ہیں۔

آمنہ ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین بھی کسی سے کم نہیں، اگر چاہیں تو ہر میدان فتح کر سکتی ہیں۔ باہمت لڑکی نے ان کے لیے مثال قائم کی ہے جو گھر سے نکلے بغیرہی اپنے لیے اور گھر والوں کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں