چین کی افغانستان میں فوج تعینات کرنے کی تردید


بیجنگ: چینی وزارت دفاع کے  ترجمان کرنل وُو کيان نے کہا ہے کہ افغانستان ميں چينی فوج تعينات نہيں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی افغانستان ميں چينی فوجی اڈے کے قيام اور افواج کی تعيناتی سے متعلق افواہيں بے بنياد ہیں۔  چینی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ چینی فوجی دستے نے کابل میں دفاعی صلاحيت بڑھانے اور انسداد دہشت گردی میں مدد فراہم کی تاہم اسے بین الاقوامی میڈیا میں غلط رنگ دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واخان کے علاقے میں چین کی کچھ سرحد افغانستان کے ساتھ لگتی ہے اور اسی سبب چین کو پڑوسی ملک میں ہونے والی دہشت گردی پر تشویش ہے۔

ترجمان وزیر دفاع نے کہا کہ دوسرے ممالک کی طرح چین بھی افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے، اسی سلسلے میں افغانستان کا دفاعی نظام بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے چینی عسکری امداد کو سرایا گیا ہے اور دونوں ممالک کی افواج مستقبل میں بھی مل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، اس سب کے باوجود چین اپنی فوج افغانستان میں تعینات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔


متعلقہ خبریں