غیرمعیاری پانی فروخت کرنے والی 13 کمپنیوں پر پابندی


کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیرمعیاری پانی فروخت کرنیوالی 13 کمپنیوں کے پانی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔

ایس ایف اے کے مطابق صوبے بھر میں پانی بیچنے والی ان کمپنیوں کے پانی کے نمونے غیر معیاری ثابت ہوئے تھے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ نمونوں کی جانچ پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول کی لیب سے بھی کرائی گئی اور اس نے بھی نمونوں کو غیر معیاری قرار دیا۔

ایس ایف اے کے حکام نے بتایا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ہدایت پرکارروائیاں کی جارہی ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تمام غیر معیاری اور بغیر لائسنس پانی فروخت  کرنے والی کمپنیوں کے خلاف فوری کاروائی کا حکم ملنے کے بعد صوبہ بھر سے پانی کے نمونے اکھٹے کر کے ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور رپورٹ میں خرابی کی نشاندہی پر فوری کاروائیاں بھی جاری ہیں۔

ڈائریکٹر جنر ل پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) انجینئر محمد خالد صدیق نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری اور غیر قانونی بوتل کے پانی کی نشاندہی کر یں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں