سیہون شریف میں اسکول کے مزید تین طلبا لا پتہ


سیہون شریف: سیہون شریف کے علاقے بھان سعید آباد کے ہائی اسکول کے مزید تین طلبا پر اسرار طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے آبائی علاقے سیہون میں طلبا کی پراسرار گمشدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھان سعید آباد ہائی اسکول کے طلبا دو دن پہلے اسکول سے واپسی پر لاپتہ ہوئے۔ والدین کے مطابق بچے اسکول میں حاضر تھے لیکن چھٹی کے بعد گھر نہیں پہنچے۔

لاپتہ بچوں کے والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اُن کے بچوں کو اغواء کر لیا گیا ہے، ان بچوں میں نویں جماعت کے طالب علم راشد پنہور، دسویں جماعت کے طالب علم فصل تھیم اور گیارہوں جماعت کے حبیب پہنور شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیہون میں گزشتہ 15 دنوں میں لاپتہ ہونے والے بچوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے جس میں سے پولیس صرف ایک بچے کی گمشدگی کا معاملہ حل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، باق چار بچے تاحال لاپتہ ہیں۔

سیہون شریف صوبہ سندھ کا قدیم شہر ہے جو ضلع جامشورو میں دریائے سندھ کے کنارے آباد ہے۔ یہ شہر صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی سیہون شریف کی صوبائی نشست سے عام انتخابات میں کامیاب ہوکر اسمبلی میں پہنچے اور پھر وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔


متعلقہ خبریں