ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ کر دیے

ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ کر دیے

ایمسٹرڈم: پاکستانی عوام اور حکومت کا احتجااج کام آ گیا، ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ کردیے ہیں۔

ایک خبررساں ایجنسی کے مطابق خاکوں کے مقابلے غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔  ان مقابلوں کا اعلان اسلام مخالف رہنما گیرٹ وائلڈر نے کر رکھا تھا۔

پاکستان میں تعینات ہالینڈ کے سفیر آردی سٹویوس برہکن نے بھی گستا خانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے خاکوں کی اشاعت پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دنیا کو اس مسئلے کی حساسیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

جمعرات کے روز جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا مسئلہ تمام مسلمانوں کا ہے، نبی کریمﷺ مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں، ان کی شان میں گستاخی پر ہر مسلمان کو تکلیف ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ گستاخانہ خاکوں پر او آئی سی کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا تھا اور اس معاملے پر پاکستان کا احتجاج ہالینڈ کی حکومت تک پہنچایا تھا۔


متعلقہ خبریں