کراچی میں بوندا باندی: دیگر شہروں میں موسم گرم


اسلام آباد/کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ: ملک کے مختلف شہروں میں آج موسم گرم اورخشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جب کہ کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق آج جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت کم سے کم 25 اورزیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا درجہ حرارت صبح 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

کراچی میں آج زیادہ تر درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بوندا باندی تو رہے گی تاہم تیز بارش کی توقع نہیں ہے۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر کے الیکٹرک نے انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

ترجمان کے مطابق برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں اور غیر قانونی ذرائع سے بجلی حاصل نہ کریں۔ شہر بھر میں کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

کراچی میں ہونے والی بوندا باندی کے بعد شہر قائد کے کئی علاقوں سے موٹرسائیکل سواروں کے سڑکوں پہ پھسلن کے باعث گرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اورزیادہ سے زیادہ 37، پشاور میں کم سے کم 26 اورزیادہ سے زیادہ 37 اور کوئٹہ میں کم سے کم 18 اورزیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں