گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ پاکستان کی وجہ سے منسوخ ہوا، عالمی میڈیا

گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ پاکستان کی وجہ سے منسوخ ہوا، عالمی میڈیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد:  عالمی میڈیا نے ہالینڈ کے اسلام مخالف رکن پارلیمنٹ کی جانب سے نبی کریم حضرت محمدّ کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کی وجہ پاکستان میں احتجاج کو قرار دیا۔ 

ہالینڈ کے ممبر پارلیمنٹ گیرٹ وائلڈرز کے گستاخانہ کارٹون بنانے کے مقابلے کے خلاف پا کستان میں ہونے والا احتجاج کام کر گیا۔  پاکستانی حکومت نے بروقت امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دین مبین کی پاسداری کا فریضہ سر انجام دیا۔

پاکستانی حکومت نے ان مقابلوں پر عوام میں پائی جانے والی بے چینی سے ہالینڈ کی حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے مقابلہ روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا۔ اور اس معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کے لئے ممبر ملکوں سے بھی رابطہ کیا۔

بین الاقوامی میڈیا نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کرنے کی وجہ پاکستان میں احتجاج بتایا ہے۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس ،اخبار سیاٹل ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق خاکوں کی منسوخی کی وجہ پاکستان کا احتجاج ہے۔ برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ نے بھی خاکوں کی منسوخی کا وزن پاکستان کے پلڑے میں ڈالا۔

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز جیسے اداروں نے بھی گستاخانہ خاکے رکوانے کا کریڈٹ پاکستان کو دیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مذہبی منافرت پر مبنی اس معاملہ کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے اقوام متحدہ لے جایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کو اس مسئلے کی حساسیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا مسئلہ تمام مسلمانوں کا ہے، نبی کریمﷺ مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں، ان کی شان میں گستاخی پر ہر مسلمان کو تکلیف ہوتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مغرب کو مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیے۔ گستاخانہ خاکوں پر او آئی سی کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، ہم نے ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی عوام کے جذبات کا اظہار کیا۔

توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے خلاف تحریک لبیک کی ریلی راولپنڈی پہنچ گئی تھی۔ مقابلے منسوخ ہونے کے بعد مظاہرین بھی منتشر ہوگئے ہیں۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے حکومت کو معاملہ پر توجہ دلائی۔ تحریک انصاف کے رکن کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو ایوان بالا نے متفقہ طور پر منظور کیا۔


متعلقہ خبریں