پیپلزپارٹی کے رہنما صدارتی انتخاب کے لیے متحرک

فوٹو: فائل


کراچی: پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپنے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کی مہم کے لیے وہ جلد اسلام آباد میں ڈیرے لگائیں گے۔

سید خورشید شاہ نے باقاعدہ مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت یکم ستمبر بروز ہفتہ اسلام آباد میں موجود رہے گی، انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ووٹ مانگنے کوئٹہ بھی جا سکتے ہیں۔

اعتزاز احسن بھی صدارتی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں جمعہ کے روز کراچی پہنچے ہیں جہاں وہ حمایت حاصل کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اپنی انتخابی مہم کے دوران ان کی کراچی میں آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان ہے جس میں صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے 2 امیدواروں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

صدارتی انتخابات چار ستمبر کو ہو رہے ہیں جس کے لیے حکومتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی ہیں جبکہ اپوزیشن میں اختلافات کی وجہ سے 2 امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن جبکہ مسلم لیگ نون اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

صدارتی انتخابات کا طریقہ کار

صدر پاکستان کو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ اپنے خفیہ ووٹ کے ذریعے منتخب کرتے ہیں اور صدر کے انتخاب والے دن تمام ایوانوں کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ حاصل ہوتا ہے۔

انتخاب جیتنے کے لیے امیدوار کو آئین کے مطابق پارلیمان کے دونوں ایوانوں اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے 50 فیصد کی سادہ اکثریت یا 352 اراکین کی حمایت درکار ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں