شاہین ایئر کا حجاج کی واپسی کا آپریشن منسوخ

شاہین ایئر کا حجاج کی واپسی کا آپریشن منسوخ|humnews.pk

کراچی: شاہین ایئر نے حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کر دیا ہے۔

ترجمان شاہین ایئر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئر کے ریگیولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں توسیع کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے باعث حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لائسنس کی ہر سہ ماہی کے بعد توسیع ہوتی ہے لیکن سول ایوی ایشن نے توسیع کرنے سے انکار کردیا ہے اور اسی وجہ سے حجاج کرام کو مدینہ اور جدہ سے واپس لانے کی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حجاج کرام کو واپس لانے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ عدالت نے بھی اسی بات کی تلقین کی تھی لیکن سول ایوی ایشن نے اسے ماننے سے انکار کردیا، شاہین ایئر کی پروازیں حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے تیار کھڑی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے شاہین ایئر سے واپس آنے والے ہزاروں حجاج متاثر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر نے پچھلے 2 ماہ میں کوئی آمدنی حاصل نہیں کی، اس کے باوجود حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے اخراجات کر رہی ہے۔

اس وقت مدینہ سے شاہین ائیر سے آنے والے حجاج کرام گھنٹوں سے پرواز کے انتظارمیں ایئرپورٹ پرموجود ہیں۔


متعلقہ خبریں