ایم ایم اے سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئیں، سراج الحق

ایم ایم اے سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئیں، سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تعصبات سے بالاتر جماعت ہے، یہ حقیقی ترقی پسند جماعت ہے جس میں تمام افراد مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ متحدہ مجلس عمل سے ہم نے جو توقعات وابستہ کی تھیں وہ اس حد تک پوری نہیں ہو سکیں، لیکن ہم ابھی بھی دینی جماعتوں کے اتحاد کے خلاف نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ساری اسلامی دنیا پر جنگ مسلط کی گئی ہے، دنیا میں برپا فساد کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، امریکہ افغانستان میں نہیں آتا تو ہماری سرحدیں محفوظ رہتیں، آج اگر نیٹو افواج ان سرحدوں سے چلی جاتی ہیں تو امن قائم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام ایک جدید نظام ہے، جس طرح کل کا سورج انسانوں کے لیے نیا سورج ہوتا ہے، اسی طرح اسلامی نظام بھی جب نافذ ہوگا تو نیا دن لائے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں سب سے اچھا دن وہی تھا جب مدینہ میں فلاحی ریاست قائم کی گئی، جب ہمارے پاس اسلام کا دیا ہوا نظام موجود ہے تو ہمیں لوگوں کو اس کی طرف بلانے کی ضرورت ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما راجا ریاض کا کہنا تھا کہ ڈی پی او پاکپتن کے معاملے میں انکوائری جاری ہے جس کے نتائج کو باقاعدہ شائع کیا جائے گا، اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

پنجاب کی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ تجربہ کار کابینہ ہے، کچھ دنوں میں سب کو پنجاب میں تبدیلی نظر آئے گی۔

 


متعلقہ خبریں