شاہین ایئر کی حج پروازیں عارضی طور پر بحال

شاہین ایئر کو حجاج کی واپسی کیلیے فلائٹس آپریشن کی اجازت مل گئ| urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شاہین ائیر کو حجاج کی واپسی کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کی عارضی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد نجی ایئر لائن کا طیارہ سعودی عرب میں موجود حاجیوں کو لینے کے لیے روانہ ہو گا۔

 سی اے اے حکام کے مطابق حجاج کی واپسی کے لیے شاہین ائیر کی  پروازیں طے شدہ شیڈول کے مطابق چلائی جائیں گی۔

شاہین ائیر لائن کے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹس آپریشنز ایک ارب  40 کروڑ روپے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بند کردیے گئے تھے۔

فلائیٹ آپریشن کی بندش کے باعث مدینہ ائیر پورٹ پر 325 حجاج پھنس گئے تھے۔ حجاج کی سہولت کے پیش نظر شاہین ائیر کو صرف حج پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔

اگلے دو روز میں مجموعی طور پر پندرہ سو مسافروں کو بذریعہ شاہین ائیر پاکستان لایا جائے گا۔

شاہین ایئر لائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے تحریری اجازت نامہ موصول ہونے کے بعد حجاج کی واپسی شروع کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق مختلف پابندیوں کا شکار ایئرلائن گزشتہ دو ماہ سے آمدن مکمل ختم ہو جانے کے باوجود حجاج کرام کو وطن واپس لانے کے لیے آمادہ تھی جس سے متعلقہ ادارے کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمپنی کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں توسیع کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے سبب حج آپریشن منسوخ کرنا پڑا۔

دوسری جانب سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہین ائیر کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر تین ماہ بعد نئی منظوری پانے والا لائسنس تکنیکی وجوہات کے سبب بحال نہیں کیا گیا تھا۔

قبل ازیں سی اے اے نے شاہین ائیرلائن کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان حجاج کرام کو متبادل ائیرلائنز سے وطن واپس لانے کا انتظام کرے جنہیں فریضہ حج کے لیے سعودی عرب پہنچایا گیا تھا۔

ہفتہ کی سہ پہر سامنے آنے والے نئے بیان میں سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہین ایئرلائن کے لائسنس میں30 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ شاہین ایئرلائن کو اجازت صرف حج آپریشن کے لیے ہوگی، دیگر کمرشل فلائٹس تاحال شروع نہیں کرسکتی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کو ایک اور جہاز تیاررکھنے کی ہدایت کی ہے، ایئر لائن کو پروازوں کی اجازت انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں