امریکہ کینیڈا کو تجارتی معاہدے میں شامل نہ کر سکا


واشنگٹن:  امریکہ اور کینیڈا کےدرمیان تجارتی مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے، واشنگٹن اوٹاوا کو تجارتی معاہدے میں شامل ہونے پر راضی نہ کر سکا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کانگرس کو کینیڈا کے بغیر میکسیکو سے تجارتی معاہدہ کرنے کی اطلاع دے دی ہے جب کہ کینیڈا کے وزیر خارجہ نے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ (نافٹا) پر امریکا اور کینیڈا کے درمیان مذاکرات آئندہ بدھ سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

امریکی انتظامیہ کے مطابق امریکہ کینیڈا کو آزاد تجارتی معاہدے میں شامل کرنے کا خواہشمند ہے، لیکن امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی اختلافات برقرار ہیں۔ 

وائٹ ہاؤس کو جمعہ تک امریکی کانگرس کو نئے معاہدے سے متعلق آگاہ کرنا تھا۔ امریکہ چاہتا ہے کہ کینیڈا امریکی ڈیری مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی دے، اور ادویات کیلئے پیٹینٹ پروٹیکشن دے۔

واشنگٹن کی خواہش ہے کہ اوٹاوا سرمایہ کاروں اور حکومت کے درمیاں تنازعات کو حل کرنے کے لیے قائم عالمی پینلز کو ختم کرے۔

جمعہ کے روز ہونے والے مذاکرات کے دوران ڈیری مصنوعات کا معاملہ سرفہرست رہا۔ امریکی حکام کے مطابق کینیڈا نے زراعت پر کوئی بھی رعایت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا کہ ان کا ملک اپنے موقف پر سختی سے کاربند رہے گا۔


متعلقہ خبریں