پنجاب میں اسکولوں کی کمی: محکمہ تعلیم سرگرم


لاہور:  پنجاب میں نئی حکومت آتے ہی صوبائی محکمہ تعلیم سرگرم ہو گیا ہے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے ایسی یونین کونسلز کی لسٹ مانگ لی ہے جہاں ہائی، پرائمری اور ایلیمنٹری اسکولوں کی کمی ہے۔

محکمہ نے صوبے کے مختلف علاقوں میں ہائی اسکولوں کی کمی  کا نوٹس لیتے ہوئے پرائمری اور ایلیمنٹری سرکاری اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن یونین کونسلز میں ہائی اسکولز نہیں، وہاں موجود پرائمری اسکولوں کو ہائی اسکول کا درجہ دیا جائے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں، فرنیچر خریدا جائے اور ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے شام میں کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔

ضلعی تعلیمی محکموں کو حکم دیا گیا ہے کہ ایسی تمام یونین کونسلز کی فہرست تین روز کے اندر محکمہ تعلیم کو فراہم کی جائے جہاں اسکولوں کی کمی ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا کہ ایلیمنٹری اور ہائی اسکول کے لیے پرائمری اسکولوں کی بلڈنگ میں شام کی کلاسز شروع کی جائیں، شام کی کلاسز کے لیے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی تنخواہیں بھی وضع کی جائیں اور اس سلسلے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھا جائے۔

پنجاب میں سرکاری سطح پر 36 ہزار نو سو 90 پرائمری جب کہ 14 ہزار ایلمنٹری اور ہائی اسکولز ہیں۔


متعلقہ خبریں