بوتلوں میں شراب نہیں شہد اور زیتون کا تیل تھا، پی پی رہنما

سندھ کابینہ: وزیربلدیات کو ایڈ منسٹریٹرز تعینات کرنے کا اختیار دے دیا

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید ناصر حسین شاہ نے دعوی کیا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ضیاء الدین اسپتال کے دورے کے موقع پر شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں میں شراب نہیں بلکہ شہد اور زیتون کا تیل تھا۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس کے لئے ہمارے دل میں بڑا احترام ہیں۔ وہ خود شرجیل کا میڈیکل چیک اپ کرالیں۔ اور اسپتال کے کچن سے ملنے والی بوتلوں کا بھی لیباٹری سے ٹیسٹ کرا لیا جائے تو حقائق سامنے آجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کا میڈیکل چیک اپ بھی کرا لیا جائے کیوں کہ انہوں نے الکحل استعمال ہی نہیں کیا۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کی سرجری ہوئی ہے، اب بھی مزید دو سے تین ہفتوں تک ان کی ڈریسنگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کی ہونے والی سرجری ریکارڈ کا حصہ ہے بے شک چیف جسٹس اس کی بھی چھان بین کرا لیں۔

پولیس کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کے ڈرائیور اورملازمین کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

چیف جسٹس نے ہفتہ کے روز بغیر کسی پروگرام کے ایسے اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا تھا جہاں مختلف ملزمان زیر علاج ہیں۔ کلفٹن کے ضیاء الدین اسپتال کے دورہ کے دوران محکمہ اطلاعات میں کرپشن کیس کا سامنا کرنے والے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچنے کے بعد ریمارکس کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملی ہیں۔

انہوں نے پوچھا کہ اٹارنی جنرل کہاں ہیں؟ جائیں دیکھیں۔ اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ انور منصور خان صاحب ذرا اس طرف بھی توجہ دیں، آپ نے بہت اچھے کام کیے، مگر یہ دیکھیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ شرجیل میمن کے کمرے سے تین بوتلیں ملیں، جب شرجیل سے پوچھا تو کہا کہ میری نہیں ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما شرجیل میمن کے کمرہ سے ملنے والی بوتلیں
پیپلزپارٹی رہنما شرجیل میمن کے کمرہ سے ملنے والی بوتلیں

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کے دورہ کے بعد سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی جیل ناصر آفتاب نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ ملوث جیل پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی پولیس معاملہ کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ اطلاعات بھی سامنے لائی گئی ہیں کہ جس کمرہ سے شراب کی بوتلیں ملیں وہ کسی اور کے نام ہے۔

 


متعلقہ خبریں