زرداری نے عبوری ضمانت کے مچلکوں پر دستخط کر دیے


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری ایک بار پھر بینکنگ عدالت پہنچے جہاں انہوں نے اپنے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے۔

گزشتہ روز بینکنگ کورٹ نے آصف زرداری کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران سابق صدر سے پوچھا گیا کہ آج چیف جسٹس کے اسپتال پر چھاپے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد ہوئی اس پر وہ کیا کہیں گے  تو زرداری نے معاملہ پر تعجب کا اظہار کیا۔

ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو چیف جسٹس کے دوروں پر اعتراض ہے مگر کیا شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی برآمدگی ٹھیک ہے؟ تو سابق صدر نے جواب دیا کہ مجھے صرف یہ پتا ہے کہ سپریم کورٹ میں اور بھی پانچ ہزار یا لاکھ کیسز ہیں ان پر بھی زور ہونا چاہیے۔

صدارتی انتخاب کے حوالے سے پوچھا گیا کہ سنا ہے صدارتی انتخاب ون ٹو ون ہوگا، کیا آپ اعتزاز احسن کو دستبردار کرالیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہوسکتا ہے مولانا دستبردار ہوجائیں۔

گزشتہ روز پوچھا گیا سوال دوہرایا گیا کہ آج پھر گاڑی میں آئے، ہیلی کاپٹر میں کیوں نہیں آئے؟ سابق صدر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی بات ہو رہی ہے دیکھیں کب ملتا ہے۔ انہوں نے کہا سن رہا ہوں کہ 50,55 روپے میں ہیلی کاپٹر میں سفر ہوتا ہے۔

اس سے پہلے جب عدالتی عملے نے آصف زرداری کے ضامن سے ان کا نام پوچھا تو انہوں نے نام عاشق حسین بتایا۔ عالتی اسٹاف نے ان سے کہا کہا کلمہ پڑھ کر بتائے وہ کن کی ضمانت دے رہے ہیں، تو ضامن نے کلمہ پڑھنے کے بعد کہا کہ وہ آصف علی زرداری کی ضمانت دے رہا ہے۔


متعلقہ خبریں