نندی پور اسکینڈل، بابر اعوان نیب کے سامنے پیش

نندی پور ریفرنس، خواجہ آصف اور نوید قمر بطور گواہ طلب

فوٹو: فائل


راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر قانون بابر اعوان قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی پیش ہو گئے ہیں۔ انہیں نندی پور اسکینڈل کی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نندی پور اسکینڈل میں حکومت کے مشیر پارلیمانی امور نیب میں پیش ہوئے جہاں ان سے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے بابر اعوان سے کہا کہ منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، کیا پیپلزپارٹی کے وزیر قانون کی حیثیت سے وہ نندی پور منصوبے میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالات پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

اس کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

نیب نے نندی پور اسکینڈل میں جمعہ کے روز کارروائی کرتے ہوئے واپڈا ملازم قیصر عباس کو گرفتار کیا تھا جس پر 22 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے نندی پور میں 2008 میں شروع ہونے والا منصوبہ 2011 کے اوائل میں مکمل ہونا تھا لیکن 10 سال گزرنے کے بعد بھی یہ التواء کا شکار ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 23 ارب روپے تھا تاہم تاخیر کی وجہ سے اس کی لاگت بڑھتی گئی اوراب تک نندی پور منصوبے پر 130 ارب روپے کی رقم خرچ ہو چکی ہے اور ابھی بھی اسے مکمل نہیں کیا جا سکا۔

اس منصوبے سے 425 میگا واٹ بجلی پیدا ہونا تھی۔


متعلقہ خبریں