لاہور اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے 

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں اور لوگ گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

پتوکی، شاہ کوٹ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی طرح ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ، سانگلہ ہل اور جڑانوالہ میں بھی زلزلے کو جھٹکوں کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

پاکپتن شہر اور اس کے گردونواح کے علاقے بھی زلزلے کی شدت سے لرز اٹھے، سمندری میں بھی زلزلہ کئی سیکنڈ تک جاری رہا جس کے باعث بچے، بڑے، خواتین اور مرد، سبھی گھروں سے باہر نکل آئے۔

منڈی بہاالدین شہر اور اردگرد کے علاقوں میں بھی چند لمحات کے زلزلے نے سب کے دل دہلا دیے اور لوگ خدا کو یاد کرتے ہوئے گلیوں اور سڑکوں پر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 5 بج کر 21 منٹ پر آیا، اس کی شدت 4.3 تھی  جبکہ اس کا مرکز ننکانہ صاحب کے شمال میں 30 کلومیٹر دور اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


متعلقہ خبریں