کریم نے سکھر میں بھی سروس کا آغاز کر دیا

کریم نے سکھر میں سروس کا آغاز کردیا


سکھر: آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے ملک بھر میں  اپنی سروسز کو پھیلانے کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سندھ کے قدیم اور تاریخی شہر سکھر میں بھی سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

کریم جنوبی ریجن کے جنرل مینیجر اسد خان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی سستی اور با سہولت آن لائن ٹیکسی سروس کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا چاہتی ہے، اس سلسلے میں اپنے عزم کی جانب ایک قدم اور بڑھاتے ہوئے کریم نے آج سے سکھر میں اپنی سروسز شروع کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے سال رواں کے آخر تک سندھ کے 2 مزید شہروں میں کریم ٹیکسی سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔

اسد خان نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے بعد سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے جس کی آبادی 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس شہر کے لوگوں کو نا صرف معیاری سواری فراہم کی جائے بلکہ زیادہ سے زیادہ ملازمت کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے کمپنی کے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کریم 2016 میں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوئی ، ہمارا عزم ہے کہ 2020 کے اختتام تک اس ملک میں 10  لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کریم اب پاکستان کے 14 شہروں میں اپنی سروسز پیش کر رہا ہے اور ان کی سستی اور معیاری سروس کی وجہ سے آئے دن کسٹمرز میں اضافہ ہورہا ہے، اگر لوگوں کا اعتماد برقرار رہا تو ممکن ہے کہ ہم اپنا ٹارگٹ پہلے ہی پورا کر لیں۔


متعلقہ خبریں