شرجیل میمن پر شراب برآمدگی کا مقدمہ درج

شرجیل میمن کی ضمانت میں ایک ہفتہ کی توسیع کر دی گئی

فوٹو: فائل


کراچی: کراچی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن پر شراب برآمدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

شراب برآمدگی کا مقدمہ امتناع منشیات کے تحت بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں ڈرائیور سمیت 3 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔

آج چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے  کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال کا ہنگامی دورہ کیا تو شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی تین بوتلیں ملیں جس کے بعد شرجیل میمن کو سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچنے کے بعد چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں شراب کی بوتلوں کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ شرجیل میمن نے ان بوتلوں کی ملکیت سے انکار کیا ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے بعد ازاں اٹارنی جنرل کو یہ معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔

گذشتہ برس قومی احتساب بیورو (نیب)  نے شرجیل انعام میمن اور 11 دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے۔

شرجیل میمن پر الزام ہے کہ اطلاعات و نشریات کے وزیر کے طور پر انہوں نے محکمے کے افسروں اور اشتہاری کمپنیوں کے ساتھ مل کر کرپشن کی تھی۔


متعلقہ خبریں