ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار


اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور حبس کا راج ہے گزشتہ روز جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے تاہم لاہور سمیت مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔

اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، کوہاٹ اور پنجاب کے جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی سمیت گوجرانوالہ ڈویژن، سرگودھا، لاہور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہا جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ہفتے کے روز سب سے زیادہ بارش راولپنڈی 7 ملی میٹر، اسلام آباد 3 ملی میٹر، کاکول 4 ملی میٹر، دیر 4 ملی میٹر، مالم جبہ 3 ملی میٹر، کوہاٹ 2 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ 2 ملی میٹر اور پشاور ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

ہفتے کے روز سب سے زیادہ گرمی سبی اور بھکر میں ریکارڈ کی گئی، سبی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ، بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت، نور پور تھل اور ڈی آئی خان میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں